ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے اہم میچ میں شاندار فتح پر کھلاڑیوں کی بھرپور تعریف کی ہے۔ دبئی میں میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی فائٹ اور ٹیم ورک پر فخر ہونا چاہیے، جس طرح دباؤ کے باوجود میچ جیتا گیا وہ واقعی شاندار ہے۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں قومی ٹیم نے کئی قیمتی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستانی اسکواڈ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے دبئی کی پچ کو چیلنجنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی اوورز میں بیٹنگ مشکل تھی لیکن کھلاڑیوں نے بہترین حکمت عملی اپنائی۔
ہیڈ کوچ نے خاص طور پر شاہین شاہ آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نظم و ضبط کے ساتھ بولنگ کی جس کا شاندار نتیجہ سامنے آیا۔ اس میچ میں پاکستان نے 135 رنز بنائے اور صرف 136 رنز کے ہدف کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دی۔
میچ میں شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے تین، صائم ایوب نے دو جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔ شاہین نے نہ صرف شاندار بولنگ کی بلکہ بیٹنگ میں بھی قیمتی 19 رنز بنائے، جس پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان نے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں اتوار کو کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں پاکستان اور بھارت پہلی بار فائنل میں مدمقابل ہوں گے۔ شائقین کرکٹ دبئی میں اس سنسنی خیز مقابلے کے بے صبری سے منتظر ہیں۔