ویب ڈیسک: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ پر ریکارڈ قائم ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز ٹریڈنگ کے آغاز پر ہی زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس میں 1900 سے زائد پوائنٹس کا شاندار اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس بڑی تیزی کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا بینچ مارک ہنڈرڈ انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 61 ہزار 291 پوائنٹس کی تاریخی اور بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
مارکیٹ کے ابتدائی سیشن میں سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی اور بڑے مالیاتی اداروں کی جانب سے شیئرز کی تیز خریداری نے اس شاندار ریکارڈ میں اہم کردار ادا کیا۔ ماہرین کے مطابق ملکی معیشت میں استحکام کی توقعات، روپے کی قدر میں بہتری اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے امکانات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید بڑھا دیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر بھی اسٹاک مارکیٹ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 1043 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پہلی بار ایک لاکھ 59 ہزار 280 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مثبت معاشی اشارے برقرار رہے تو آئندہ دنوں میں انڈیکس کے مزید بلندیوں کو چھونے کے امکانات روشن ہیں۔
تجارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی یہ مسلسل تیزی نہ صرف ملکی معیشت کے لیے نیک شگون ہے بلکہ یہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ سرمایہ کار مقامی معیشت کی مضبوطی پر اعتماد رکھتے ہیں۔