محکمہ موسمیات کی چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارشوں کی پیشگوئی
کیپشن: محکمہ موسمیات کی چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم کی صورتحال سے متعلق تازہ پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ محکمے کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم چند پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیلاب سے متاثرہ سندھ اور پنجاب کے بیشتر اضلاع رواں ہفتے کے دوران شدید گرمی اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔ اسلام آباد سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی سورج کی تپش برقرار رہے گی، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بالائی خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع جیسے چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ اور کوہستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں بھی کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر کے زیادہ تر حصوں میں موسم خشک اور نسبتاً گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہے تاہم مری اور بالائی خیبر پختونخوا کے چند مقامات پر ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے مقامی درجہ حرارت میں معمولی کمی آئی۔ ماہرین کے مطابق بارش کے یہ سلسلے وقتی طور پر گرمی سے معمولی ریلیف دے سکتے ہیں، تاہم مجموعی طور پر ملک میں گرم اور خشک موسم برقرار رہنے کا امکان ہے۔

Watch Live Public News