کراچی ( پبلک نیوز) این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے سکیورٹی افسران کیلئے 27 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ہر پولنگ سٹیشن کے باہر پولیس اور رینجرز تعینات ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق میں ہدایات دی گئی ہیں کہ پولیس اور رینجرز صاف،شفاف اور منصفانہ انتخاب میں الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے،پولیس اور رینجرز کے اہلکار ڈسٹرکٹ ریٹرننگ،ریٹرننگ اور پریذائڈنگ افسران کے ساتھ تعاون کے پابند ہونگے،پریذائڈنگ آفیسر تعاون نہ کرنے یا حکم نہ ماننے پر کسی بھی شخص کو سیکورٹی سے ہٹا سکتا ہے۔ضابطہ اخلاق کے مطابق الیکشن کمیشن سے جاری کارڈز کے حامل صحافیوں کو پولنگ اسٹیشن کے اندر آنے سے نہ روکا جائے،سیکورٹی اہلکاروں کو ووٹرز سے شناختی کارڈز اور پرچی کے بارے میں پوچھنے کی اجازت نہیں ہو گی،سیکورٹی اہلکاروں کو پریذائڈنگ افسر کے حکم کے بغیر کسی شخص کو گرفتار کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔سیکورٹی اہلکار این اے 249 ضمنی انتخاب کے دوران غیرجانبدار رہیں،سیکورٹی اہلکار پولنگ اسٹاف اور ووٹرز کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں ٗاین اے 249 میں ہر پولنگ اسٹیشن کے باہر پولیس اور رینجرز تعینات ہو گی ٗسیکورٹی اہلکار ووٹوں کی گنتی کے عمل میں عمل دخل نہیں کر سکیں گے۔