ایران کی جنگ کے خاتمےاور آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے امریکا کو نئی تجاویز

ایران کی جنگ کے خاتمےاور آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے امریکا کو نئی تجاویز
کیپشن: ایران کی جنگ کے خاتمےاور آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے امریکا کو نئی تجاویز

ویب ڈیسک: امریکہ کے ساتھ جاری تناؤ کے دوران ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے اور جنگ کے خاتمے کے لیے ایک نئی تجویز پیش کر دی ہے، جس میں جوہری معاملات پر بات چیت کو بعد کے مرحلے تک مؤخر کرنے کی تجویز شامل ہے۔

امریکی حکام اور باخبر ذرائع کے مطابق یہ پیشکش ایسے وقت سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعطل برقرار ہے، جبکہ ایرانی قیادت کے اندر بھی اس بات پر اختلاف موجود ہے کہ جوہری پروگرام کے حوالے سے کس حد تک نرمی دکھائی جائے۔

اس تجویز کا مقصد حساس معاملے کو وقتی طور پر پس پشت ڈال کر فوری کسی معاہدے تک پہنچنا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ناکہ بندی ختم ہو جاتی ہے اور جنگ کا اختتام ہو جاتا ہے تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی وہ اہم سفارتی برتری کھو سکتے ہیں جس کے ذریعے وہ ایران کو افزودہ یورینیم کے ذخائر ختم کرنے اور اس کی افزودگی روکنے پر آمادہ کرنا چاہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ آج ایران کی صورتحال پر وائٹ ہاؤس کے سچویشن روم میں اعلیٰ قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی ٹیم کے ساتھ ایک اہم اجلاس کریں گے، جس میں مذاکراتی تعطل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔ نئی ایرانی تجویز پاکستانی ثالثوں کے ذریعے امریکہ تک پہنچائی گئی ہے، جس میں پہلے آبنائے ہرمز کے بحران اور امریکی ناکہ بندی کے خاتمے پر توجہ دینے کی بات کی گئی ہے۔

اس منصوبے کے تحت یا تو جنگ بندی کو طویل مدت کے لیے بڑھایا جائے گا یا جنگ کے مستقل خاتمے پر اتفاق کیا جائے گا، جبکہ جوہری مذاکرات بعد میں شروع کیے جائیں گے۔ وائٹ ہاؤس نے اس تجویز کی وصولی کی تصدیق کی ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ امریکہ اس پر غور کرنے کے لیے تیار ہے یا نہیں۔

Watch Live Public News