ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی ہے۔ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا متحدہ عرب امارات میں آغاز ہوگیا، افتتاحی میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو شکست دے کر دیگر ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی۔ افغانستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور سری لنکا کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 19.4 اوورز میں 105 رنز پر آوٹ ہوگئی۔ افغانستان کو جیت کیلئے 106 رنز کا ہدف ملا۔ افغانستا ن نے 10.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔افغانستان کی جانب سے حضرت اللہ زازئی 37 اور رحمان اللہ گرباز 40 رنز بناکر نمایاں رہے۔ سری لنکا کی جانب سے بھانوکا راجاپاکسا نے سب سے زیادہ 38 رنز بنائے۔ افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 28 اگست بروز اتوار روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔ایشیا کی 6 بہترین ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔ گروپ ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔ سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔