ویب ڈیسک:ویمنز ٹی-20 عالمی کپ 2024 کے لیے بھارت کی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹیم کی قیادت ہرمن پریت کور کریں گی جس میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ نوجوان لڑکیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے۔ بھارتی دستے میں جارحانہ بلے باز اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما اوپنرس کے طور پر ٹیم میں شامل کی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ عالمی کپ کا آغاز 3 اکتوبر سے ہوگا وہیں بھارتی ٹیم 4 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف مقابلے سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔
ہرمن پریت کور کو ایک بار پھر ٹیم کی کمان سونپی گئی ہے جبکہ ان کا ساتھ دینے کے لیے اسمرتی مندھانا، شیفالی ورما، دیپتی شرما، جیمیما روڈریگیز، رچا گھوش، یشتکا بھاٹیہ، رینوکا سنگھ، ہیم لتا، شوبھنا اور رادھا یادو جیسی کھلاڑی پوری طرح تیار ہیں ۔ بھارتی وومن ٹیم اپنا پہلا مقابلہ دبئی میں کھیلے گی جبکہ کُل ملاکر اس کے 3 میچ دبئی میں اور ایک میچ شارجہ میں ہونے ہیں۔
عالمی کپ میں جس ایک مقابلے پر پوری دنیا کی نظر ہوگی وہ 6 اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف ہونے والا میچ ہے جو دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس کے علاوہ بھارتی ٹیم کا سب سے سخت مقابلہ آخری گروپ میچ ہے جب اس کا سامنا آسٹریلیا سے ہوگا۔ یہ مقابلہ 13 اکتوبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایشیائی چمپئن سری لنکا سے ٹیم کا مقابلہ 9 اکتوبر کو ہونے والا ہے۔
ٹی-20 عالمی کپ کے لیے بھارتی ٹیم
ہرمن پریت کور (کپتان)، اسمرتی مندھانا (نائب کپتان)، شیفالی ورما، دیپتی شرما، جیمیما روڈریگیز، رِچا گھوش (وکٹ کیپر)، یشتکا بھاٹیہ (وکٹ کیپر)، پوجا وستراکر، اروندھتی ریڈی، رینوکا سنگھ ٹھاکر، دیالن ہیم لتا، آشا شوبھنا، رادھا یادو، شرینکا پاٹل اور سجنا سجیون شامل ہیں۔