ویب ڈیسک: دنیا بھر میں ایپل کے آئی فونز کو اسمارٹ فونز کی دنیا میں سب سے منفرد اور پرکشش سمجھا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہر سال صارفین نئی آئی فون سیریز کے انتظار میں بے صبری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ایپل نے باضابطہ طور پر آئی فون 17 سیریز کی رونمائی کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔
ایپل کا یہ خصوصی ایونٹ کیلیفورنیا میں واقع اپنے ہیڈ آفس " ایپل پارک" میں منعقد ہوگا۔ ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق اس ایونٹ میں نہ صرف آئی فون 17 سیریز متعارف کرائی جائے گی بلکہ ایپل واچ سیریز 11 اور ائیر پوڈز پرو 3 کو بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
آئی فون 17 سیریز کے حوالے سے کافی عرصے سے مختلف لیکس اور رپورٹس سامنے آ رہی تھیں جنہوں نے صارفین کی توقعات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ اس سیریز کی سب سے خاص ڈیوائس آئی فون 17 ایئر قرار دی جا رہی ہے جو کمپنی کا اب تک کا سب سے پتلا اسمارٹ فون ہوگا۔ یہ نیا فون آئی فون 16 پلس کی جگہ لے گا۔ ڈیزائن کے اعتبار سے یہ فون نہایت دلکش ہوگا جبکہ اس کے بیک پر ایک ہی کیمرا موجود ہوگا جو غالباً 48 میگا پکسل کا ہوگا۔
Get ready for an awe dropping #AppleEvent on Tuesday, September 9! pic.twitter.com/uAcYp2RLMM
— Tim Cook (@tim_cook) August 26, 2025
آئی فون 17 پرو اور پرو میکس ماڈلز میں سب سے بڑی تبدیلی بیک کیمرا ڈیزائن میں کی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ 2020 میں آئی فون 11 کے بعد سے کیمرا ڈیزائن میں کوئی خاص تبدیلی نہیں دیکھی گئی، تاہم اب اسکوائر کیمرا سیٹ اپ ختم کر کے ایک نیا ڈیزائن متعارف کرایا جائے گا جو کچھ حد تک گوگل پکسل فونز کے پل (pill) کیمرا بار جیسا ہوگا۔
مزید یہ کہ پرو ماڈلز میں ڈائنامک آئی لینڈ کے ڈیزائن کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ نئے فونز میں زیادہ فاسٹ میگ سیف چارجنگ، طاقتور اے 19 چپس، بڑی بیٹری، اور پہلے سے زیادہ بہتر ڈسپلے ریفریش ریٹ شامل ہوں گے۔
چاروں ماڈلز میں آئی او ایس 26 آپریٹنگ سسٹم دیا جائے گا جس میں جدید "لیکوئیڈ گلاس انٹرفیس" متعارف کرایا جائے گا۔ ٹیکنالوجی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ اسمارٹ فونز کی دنیا میں ایک نئے رجحان کی شروعات کرے گا اور صارفین کو کئی حیرت انگیز فیچرز فراہم کرے گا۔