(ویب ڈیسک ) آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایتھوپین ایئر فورس کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل یلما مرداسا نے پاکستان ایئر فورس کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظاہر احمد بابر سدھو سے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران دونوں رہنماؤں نے پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ایئر فورسز کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف نے مشترکہ تربیتی اقدامات کے ذریعے دو طرفہ عسکری تعاون بڑھانے کے عزم کو دہرایا اور ایتھوپین ایئر فورس کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل یلما مرداسا نے پاکستان ایئر فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی اور انسدادِ خطرات کی بھرپور تیاری کو سراہا اور کہا کہ ایتھوپین ایئر فورس، پی اے ایف کے تجربات اور ٹیکنالوجی سے سیکھنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔
انہوں نے ایوی ایشن شعبے میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور مقامی ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے موقع پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل یلما مرداسا نے نیشنل آئی ایس آر و انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید ٹیکنالوجی اور انٹیگریشن پر اطمینان کا اظہار کیا۔