ایران کے سپریم لیڈر شدید زخمی ہیں، وہ ہلاک نہیں ہوئے: صدر ٹرمپ

ایران کے سپریم لیڈر شدید زخمی ہیں، وہ ہلاک نہیں ہوئے: صدر ٹرمپ
کیپشن: ایران کے سپریم لیڈر شدید زخمی ہیں، وہ ہلاک نہیں ہوئے: صدر ٹرمپ

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای شدید زخمی ہیں، تاہم ان کے ہلاک ہونے کا امکان نہیں۔

ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر ہلاک ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مجتبیٰ خامنہ ای واقعی ہلاک ہوچکے ہیں تو ایرانی حکام ’’بہت اچھا ڈرامہ‘‘ کر رہے ہیں، کیونکہ ایرانی حکام اہم معاملات پر حتمی منظوری کے لیے اب بھی سپریم لیڈر سے رابطے کا حوالہ دیتے ہیں۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہیں یقین ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای کے جسم کے بائیں جانب شدید نوعیت کے زخم آئے ہیں۔

واضح رہے کہ 28 فروری کو ایران کے خلاف امریکی حملوں کے پہلے ہی روز مجتبیٰ خامنہ ای کے شہید ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ اس واقعے کے بعد سے انہیں عوامی سطح پر نہیں دیکھا گیا۔

امریکی صدر نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکا کا عسکری اور اقتصادی دباؤ مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق قدامت پسند ریڈیو میزبان گلین بیک کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ  امریکا ’’بہت جلد ایک بڑی کامیابی‘‘ حاصل کرنے والا ہے۔

ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز اب مکمل طور پر کھلی ہے اور اس راستے سے بڑی تعداد میں بحری جہاز گزر رہے ہیں۔ امریکی صدر کے مطابق آبنائے ہرمز میں بچھائی گئی تمام بارودی سرنگیں بھی ختم کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اس آبنائے سے متعدد بحری جہاز گزار رہا ہے۔

Watch Live Public News