(ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 3 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 3 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال ہو گی، تمام دکانیں بند ہوں گی،پٹرولیم لیوی اورآئی پی پیز کے ناجائز معاہدے ختم کیے جائیں، جماعت اسلامی نے تاریخی جدوجہد عوام کو بجلی میں ریلیف دلوایا۔
انہوں نے کہا کہ اب صرف تین نہیں بلکہ کئی دھرنے بیک وقت چل رہے ہیں،حیدرآباد، فیصل آباد اور جنوبی پنجاب میں بھی دھرنے ہو رہے ہیں،کل فیصل آباد میں تاریخی جلسہ عام ہو گا۔ جماعت اسلامی کے نوجوان تحریک اور نظریے سے وابستہ ہیں،ہمارا دھرنا 25 کروڑ عوام کے حقوق کے لیے ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمرانوں نے سارا بوجھ عوام پر ڈال رکھا ہے،عوام کو بنیادی حقوق دینا ریاست کی ذمہ داری ہے،یہ ریاست عوام کو ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبا رہی ہے،پمز میں پھول جیسے بچے حکمرانوں کی نااہلی کا نشانہ بنے،14 بچوں کی اموات کرپشن اور نااہلی کے باعث ہوئیں،یہ ایک اسپتال بھی ٹھیک طریقے سے نہیں چلا سکتے،پمز اسپتال میں حفاظتی اقدامات کیوں نہیں کیے گئے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تاجروں کے لیے بجلی اور پٹرول کی قیمت کم کی جائے،ہماری تحریک چند دھرنوں تک محدود نہیں ہے،لوگوں کو ریلیف دینا ہو گا، لیوی ختم کرنا ہو گی،پاکستان بھر کے عوام کے ہمراہ اسلام آباد لانگ مارچ بھی کریں گے،پاکستان میں نوجوانوں کا سرمایہ موجود ہے،چند نمائشی کام اور لیپ ٹاپ بانٹنے سے قوم نہیں بنتی،پاکستان میں آئی ٹی کا ٹیلنٹ ہے انہیں آئی ٹی کی تعلیم نہیں ملتی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارے پاس ضرورت سے تین گنا زائد بجلی ہے،آئی پی پیز کو عوام کے پیسوں سے ہزاروں ارب دئیے جاتے ہیں،اگر یہ عوام کے لیے کچھ کرتے تو ڈیٹا سنٹرز بن چکے ہوتے،پنجاب میں ہماری بیٹیاں محفوظ نہیں ہیں، پنجاب میں چند ہزار کیسز رپورٹ ہوئے، متعدد نے کیسز نہیں کیے۔