ویب ڈیسک: ریلوے پولیس کراچی ڈویژن نے ایک اور شاندار مثال قائم کرتے ہوئے ایک مسافر کی خطیر رقم کو بحفاظت واپس کر دیا۔
گزشتہ روز پاکستان ایکسپریس کے ذریعے کراچی سے ٹوبہ ٹیک سنگھ جانے والے مسافر محسن مشتاق، حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر ذاتی کام کی غرض سے ٹرین سے اترے، لیکن ٹرین روانہ ہونے کے بعد ان کا سامان، جس میں تقریباً 38 لاکھ روپے نقدی موجود تھی، ٹرین میں رہ گیا۔
ریلوے پولیس کی بروقت کارروائی
دورانِ ڈیوٹی کانسٹیبل راؤ شریف کو مذکورہ بیگ ٹرین میں ملا، جسے فوراً تحویل میں لے لیا۔ اسی دوران، مسافر محسن مشتاق تھانے پہنچے اور اپنے سامان کے بارے میں اطلاع دی۔ ریلوے پولیس نے مسافر کو آگاہ کیا کہ ان کا بیگ محفوظ ہے۔
روہڑی میں بیگ کی واپسی
ایس ایچ او کی ہدایات پر کانسٹیبل راؤ شریف بیگ لے کر پاکستان ایکسپریس کے ہمراہ روہڑی روانہ ہوئے، جہاں مسافر نے قراقرم ایکسپریس کے ذریعے روہڑی پہنچ کر اپنا سامان وصول کیا۔ روہڑی ہیلپ سینٹر پر سب انسپکٹر کی موجودگی میں مسافر نے اپنا سامان شناخت کیا، اور 38 لاکھ روپے کی گنتی و تصدیق کے بعد رقم واپس کر دی گئی۔
مسافر محسن مشتاق نے ریلوے پولیس کی ایمانداری اور پیشہ ورانہ کردار کو سراہتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام میں شکریہ ادا کیا۔