ویب ڈیسک: پاکستان میں جدید ڈیجیٹل معیشت اور بٹ کوائن ٹیکنالوجی کے فروغ کے ساتھ ترقی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں۔ کرپٹو ریگولیشن میں نمایاں پیش رفت کے باعث پاکستان عالمی سطح پر توجہ حاصل کر رہا ہے۔
پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے ابوظبی بٹ کوائن کانفرنس 2025 کے موقع پر ایک خصوصی انٹرویو میں پاکستان کے کرپٹو وژن پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بٹ کوائن اور ڈیجیٹل اثاثوں کو صرف سرمایہ کاری کا ذریعہ نہیں بلکہ مستقبل کے مالیاتی نظام کی بنیاد سمجھتا ہے۔ 24 کروڑ آبادی اور 70 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ملک اب صرف روایتی معیشت تک محدود نہیں رہا بلکہ تیزی سے ڈیجیٹل معیشت کے جدید ماڈل کی طرف بڑھ رہا ہے۔
چیئرمین بلال بن ثاقب کے مطابق حکومت کا ہدف نوجوانوں کو محض صارف بنانے کے بجائے ڈیجیٹل تخلیق کار اور نئی معیشت کے معمار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان غیر منظم کرپٹو مارکیٹ کو عالمی معیار کے مطابق شفاف، محفوظ اور سرمایہ کار دوست نظام میں تبدیل کرنے کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔