ویب ڈیسک: پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ یورپ میں اُن کیلئے روزگار کے دروازے کھل گئے ہیں۔
ترجمان وزارتِ سمندر پار پاکستانیز نے بتایا کہ خصوصی کوششوں کے نتیجے میں اٹلی نے آئندہ تین سال کے لیے پاکستانی ورکروں کے لیے 10,500 نوکریوں کا کوٹہ مختص کیا ہے۔ اس میں ہر سال 3,500 پاکستانی ورکروں کو سیزنل اور نان سیزنل کوٹہ پر روزگار ملے گا۔ ان میں 1,500 سیزنل اور 2,000 نان سیزنل ورکروں کی تعداد شامل ہوگی۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کو اٹلی میں شپ بریکنگ، ہاسپٹیلیٹی، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبوں میں نوکریوں کا کوٹہ دیا گیا ہے، جہاں پاکستانی ورکرز خدمات انجام دیں گے۔ اٹلی میں ویلڈرز، ٹیکنیشن، شیف، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ، نرسنگ، فارمنگ اور دیگر شعبوں میں روزگار کے مواقع ہیں۔
اٹلی یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے پاکستانی ورکروں کے لیے باقاعدہ نوکریوں کا کوٹہ مختص کیا ہے، جو ایک اہم پیشرفت ہے۔
چوہدری سالک حسین کا بیان
وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے اٹلی کی جانب سے کوٹہ مختص کرنے کو سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستانی ورک فورس کے لیے عالمی سطح پر روزگار کے نئے دروازے کھولنے کا آغاز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اپنے محنت کشوں کو عالمی مارکیٹ میں باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہے۔
چوہدری سالک حسین کے مطابق، اٹلی کے بعد جلد ہی یورپ کے مزید ممالک بھی پاکستانی ورک فورس کے لیے کھلیں گے، جو پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اہم پیشرفت ہوگی۔