مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کو گارڈ فادر اور سیسلین مافیا کے غلط القابات سے نوازا گیا، پہلے وہ القابات واپس لینا ہوں گے، پھر الیکشن ہوں گے، الیکشن سے قبل نوازشریف سے ہوئی زیادتیوں کا ازالہ کرنا ہوگا۔ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے ساہیوال میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے گھڑی چور انصاف کے کٹہرے میں کھڑا ہو گا پھر الیکشن ہو گا، اولاد چھپانے جیسا جھوٹ پاکستان کے کسی وزیراعظم نے قوم سے نہیں بولا، نواز شریف کی بیٹی تو آپ کے سامنے کھڑی ہے، عمران خان کی بیٹی کدھر ہے؟۔ مریم نواز نے کہا کہ پہلے بے گناہ نواز شریف سے ہوئی زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے، پہلے سسیلین مافیا اور گاڈ فادر کے الزامات واپس لینا پڑیں گے پھر الیکشن ہوگا۔ نواز شریف کو گاڈ فادر کہا گیا، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر چلتا کیا گیا، ہے کوئی جو میرے ملک میں انصاف کرے۔ نوازشریف کے بعد سے مہنگائی، معیشت نہ پاکستان سنبھل رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگا یا کہ عمران خان کو آج بھی جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کی باقیات بچا رہی ہیں، بابا رحمت آج بھی عدلیہ میں اپنے لگائے ہوئے ججز سے کام لے رہا ہے، الیکشن مانگتے ہو تو اسمبلیاں توڑتے کیوں ہو؟۔