ویب ڈیسک: وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلا ت کے مطابق ایف آئی اے کی مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ کشتی حادثے میں ملوث لینڈ روٹ ایجنٹ جاوید احمد کو گوجرہ سے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ اور ملزم کی نشاندہی پر مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے ساتھیوں سے مل کر شہری سے 35 لاکھ روپے اور ایک ہزار 500 یورو ہتھیائے۔ ملزم نے متاثرہ شہری کو موریطانیہ بھجوایا جہاں سے اسے اسپین جانا تھا۔ متاثرہ شہری اسپین جانے میں ناکام رہا اور وطن واپس پہنچ گیا۔
دوسری جانب پشاور ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ ملزم کا نام انسانی سمگلنگ لسٹ میں شامل ہے،ملزم یونان میں کشتی حادثے میں واقعے میں بھی ملوث ہے، ملزم سے موبائل فون، مختلف ممالک کے ویزے اور بیرون ملک ایجنٹوں کے تفصیلات برآمد ہوئی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ ملزم سے انسانی سمگلنگ کی مضبوط شواہد ملے ہیں،ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ موریطانیہ سے اسپین سفر کے دوران کشتی حادثے کے نتیجے میں متعدد پاکستانی جاں بحق ہوچکے ہیں۔
