ویب ڈیسک: وفاقی نظامت تعلیمات کی طرف سے سال بھر کی محنت کے بعد بچوں کا پرائیوٹ داخلہ بھیجنےکے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ماڈل کالجز کی طرف سے لاگو کردہ پالیسی پر والدین اور طلباء سراپا احتجاج ہیں۔نئی پالیسی کے تحت سینڈ اپ ٹیسٹ میں نتائج نہ دکھانے والے طلباء کو بورڈ امتحان میں بطور ریگولر امیدوار داخلہ نہیں بھیجا جائے گا ۔
نئی پالیسی کے تحت زیر تعلیم طلباء کڑے احتساب سے گزرنے لگے لیکن پرنسپلز اور اساتذہ سے کوئی پوچھنے والا نہیں۔سال بھر پڑھائی کے بعد نتائج نہ دینے والے اساتذہ کے خلاف نئی پالیسی میں کوئی تادیبی کارروائی نہیں ہو سکتی۔
والدین کا کہنا ہے کہ صرف طلباء ہی خمیازہ کیوں بھگتیں اساتذہ کابھی احتساب کیا جانا چاہیئے۔نئی پالیسی کے تحت وفاقی دارالحکومت کے پبلک سیکٹر تعلیمی اداروں کے سینکڑوں زیر تعلیم طلباء بطور ریگولر امیدوار امتحانات میں نہیں بیٹھ سکیں گے۔