ویب ڈیسک: بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے بعد اب بنگلہ دیشی صحافی بھی ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت سے محروم ہو گئے ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے بنگلہ دیشی صحافیوں کو میگا ایونٹ کے لیے ایکریڈیشن دینے سے انکار کر دیا ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین امجد حسین نے بتایا کہ بنگلہ دیش سے تقریباً 130 سے 150 صحافیوں نے ایکریڈیشن کے لیے درخواست دی تھی، تاہم تمام درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی صحافیوں کی ایکریڈیشن پہلے منظور ہو چکی تھی مگر بعد میں انہیں مسترد کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ اگر کسی ملک کی ٹیم ورلڈکپ میں نہ بھی ہو تو بھی آئی سی سی ایسوسی ایٹ ممبرز کے صحافیوں کو ایکریڈیشن فراہم کرتی ہے، لیکن اس مرتبہ بنگلہ دیشی صحافیوں کی تمام درخواستیں خارج کر دی گئیں۔
امجد حسین نے مزید کہا کہ انہیں علم کے مطابق اس سال درخواست دینے والے تمام بنگلہ دیشی صحافیوں کی درخواستیں مسترد کی گئی ہیں اور کسی کو بھی ایکریڈیشن نہیں ملی۔
یاد رہے کہ آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی جانب سے بھارت میں سکیورٹی تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلہ دیش کی جگہ سکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان نے بنگلہ دیش کی سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کسی دوسرے مقام پر میچ منتقل کرنے کی حمایت کی تھی۔ اس وقت پاکستان کی ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے بھی سوالات اور خدشات سامنے آ رہے ہیں۔