ویب ڈیسک: آسٹریلیا کے لیجنڈری بلے باز سر ڈان بریڈمین کی تاریخی بیگی گرین کیپ نیلامی میں حیران کن قیمت 4 لاکھ 60 ہزار آسٹریلوی ڈالر (تقریباً 2 لاکھ 32 ہزار پاؤنڈ) میں فروخت ہو گئی۔ یہ نیلامی لائیڈز آکشنرز اینڈ ویلیوئرز کی جانب سے 26 جنوری کو کی گئی۔
یہ کیپ سر ڈان بریڈمین نے 1947-48 میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران استعمال کی تھی اور بھارتی کرکٹر سری رنگا واسودیو سوہونی کو تحفے میں دی تھی۔ سوہنی کا انتقال 1993 میں ہوا، اور اس کے بعد ان کے خاندان نے اس کیپ کو تقریباً 75 سال تک محفوظ رکھا۔
کیپ پر آسٹریلوی کرکٹ کا قومی نشان اور "1947-48" کڑھا ہوا ہے، جبکہ اندر "ڈی جی بریڈمین" اور "ایس ڈبلیو سوہونی" کے نام درج ہیں۔ یہ بیگی گرین کیپ آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹرز کی روایتی ٹوپی سمجھی جاتی ہے۔
نیلامی کے منتظم لی ہیمز کے مطابق، یہ کیپ تین نسلوں تک انتہائی احتیاط سے رکھی گئی تھی، اور خاندان کے افراد کو بھی اسے صرف چند منٹ کے لیے دیکھنے کی اجازت تھی۔