ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے کیپٹن محمد سرور شہید کے 78ویں یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے اس عظیم ہیرو کی قربانی کو ہمیشہ فخر اور احترام سے یاد رکھے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے کیپٹن محمد سرور شہید کی بے مثال قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948 کو آزادیٔ کشمیر کی پہلی جنگ کے دوران غیر معمولی بہادری اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے مادرِ وطن پر اپنی جان نچھاور کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیپٹن محمد سرور شہید پاکستان کے پہلے سپاہی تھے جنہیں وطن کے لیے عظیم قربانی کے اعتراف میں نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔ انہوں نے فرض شناسی، شجاعت اور بہترین عسکری حکمتِ عملی سے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور قومی تاریخ میں سنہری باب رقم کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید جیسے بہادر سپوت قوم کا فخر اور پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہیں، جبکہ ان کی لازوال قربانی آئندہ نسلوں کے لیے بھی حوصلے، حب الوطنی اور ایثار کا روشن مینار ہے۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے آزادیٔ کشمیر کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، شجاعت اور حب الوطنی کی ایسی مثال قائم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر کیپٹن محمد سرور شہید نے قومی تاریخ میں ایسا درخشاں باب رقم کیا جسے آنے والی نسلیں ہمیشہ فخر اور احترام کے ساتھ یاد رکھیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔