ویب ڈیسک: محکمۂ موسمیات نے آج سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق سندھ کے تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص اور گردونواح میں کہیں کہیں موسلادھار بارش متوقع ہے، جبکہ کراچی میں بھی بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ہے۔
ادھر ڈیرہ غازی خان اور شمال مشرقی بلوچستان میں شدید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو خراب موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔