بلے کے نشان کی واپسی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

بلے کے نشان کی واپسی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر
کیپشن: An application was filed in the Supreme Court for the return of the bat symbol

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کو بلے کے نشان کی واپسی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کو بلے کا نشان واپس دینے کی درخواست شہری انجینئر قاضی محمد سلیم نے 184(3) کے تحت دائر کی، جس میں چیف جسٹس پاکستان اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں تحریک انصاف کو بلے کا نشان اور مخصوص نشستیں دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں انتخابی نشان کے بغیر حصہ لیا، اب انتخابی نشان واپس کیا جائے۔

درخواست گزار نے عدالت سے یہ بھی استدعا کی کہ انتخابی نشان بلے کی واپسی کے بعد آزاد امیدواروں کو پی ٹی آئی میں شامل ہونے کی اجازت بھی دی جائے۔

 درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی کو متناسب نمائندگی کے اصول کے تحت مخصوص نشستیں فراہم کی جائیں، پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں دیگر تمام جماعتوں سے زیادہ ووٹ حاصل کیے، عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد ایک کروڑ 84 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہے۔ 

Watch Live Public News