پنجاب بھر میں محرم الحرام کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ

پنجاب بھر میں محرم الحرام کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ
کیپشن: پنجاب بھر میں محرم الحرام کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ

ویب ڈیسک:(دانش منیر) محرم الحرام کے دوران امن و امان اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کر دیا۔ یہ پابندیاں یکم محرم الحرام بمطابق 27 جون سے 10 محرم الحرام بمطابق 6 جولائی تک مؤثر رہیں گی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت پنجاب بھر میں درج ذیل 7 اہم پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

نئے جلوسوں اور مجالس پر پابندی:

صرف منظور شدہ جلوس اور مجالس منعقد ہو سکیں گی، کوئی نئی اختراع یا پروگرام کی اجازت نہیں ہوگی۔

ہتھیاروں اور آتش گیر مواد پر پابندی:

بغیر اجازت عوامی مقامات پر کسی بھی قسم کے ہتھیار یا آتش گیر اشیاء کی نمائش ممنوع ہوگی۔

اشتعال انگیز نعروں پر پابندی:

عوامی جذبات یا فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والے نعروں، اشاروں اور حرکات پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

فرقہ وارانہ یا نسلی مواد کی اشاعت پر پابندی:

کسی بھی ذرائع یا ڈیوائس کے ذریعے نفرت انگیز بیانات، آڈیو یا ویڈیو پیغامات کی اشاعت پر دفعہ 144 لاگو ہوگی۔

جلوس کے راستوں پر مورچے بنانے پر پابندی:

جلوس کی گزرگاہ پر واقع عمارتوں یا گھروں کی چھتوں پر مورچوں یا پوزیشنز کی تعمیر ممنوع قرار دی گئی ہے۔

چھتوں پر پتھر یا خطرناک اشیاء رکھنے پر پابندی:

جلوس کے راستے میں موجود عمارتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے کی ممانعت ہوگی۔

تماشائیوں کی چھتوں یا دکانوں پر موجودگی پر پابندی:

جلوس کے دوران سڑک کنارے واقع عمارتوں یا دکانوں کے تھڑوں اور چھتوں پر تماشائیوں کی موجودگی کی اجازت نہیں ہوگی۔

اس کے علاوہ، ڈبل سواری پر پابندی صرف 9 اور 10 محرم الحرام کو نافذ کی جائے گی، تاہم خواتین، بزرگ شہریوں، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو اس سے استثنا حاصل ہوگا۔

محکمہ داخلہ نے ہدایت جاری کی ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ سے متعلق عوام کو بھرپور طور پر آگاہ کیا جائے، تاکہ سکیورٹی اقدامات مؤثر اور مکمل تعاون کے ساتھ نافذ کیے جا سکیں۔

Watch Live Public News

سیکرٹریٹ رپورٹر

 نوجوان نسل کے نمائندہ رپورٹر اور تحقیقاتی رپورٹنگ کو ہی اصل صحافت کا جوہر مانتے ہیں۔

سول بیوروکریسی کی چالوں اور کہہ مکرنیوں سے اچھی طرح واقف ۔۔۔ اپنی اسٹوریز کے لئے  سیکرٹریٹ کی غلام گردشوں سے لے کر دھول سے اٹے ریکارڈ رومز کی خاک چھاننے کو کبھی گراں نہیں جانا۔