ویب ڈیسک: مشہور سوشل میڈیا شخصیت ٹینر مارٹن کینسر جیسے موذی مرض سے کئی سالوں تک جنگ لڑنے کے بعد 30 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی وفات کی خبر ان کی اہلیہ شائے رائٹ نے ایک ویڈیو پوسٹ کے ذریعے عوام تک پہنچائی۔
تفصیلات کے مطابق یہ ویڈیو جو ان کی زندگی کے آخری لمحات میں ریکارڈ کی گئی، ایک الوداعی پیغام پر مشتمل تھی۔ ٹینر نے کہا: "اگر آپ یہ ویڈیو دیکھ رہے ہیں، تو اس کا مطلب ہے کہ میں اب اس دنیا میں نہیں رہا۔" تقریباً پانچ منٹ طویل اس ویڈیو میں انہوں نے اپنی زندگی، جدوجہد اور احساسات کا احاطہ کرتے ہوئے کہا: "زندگی ایک خوبصورت سفر تھا، میں نے اسے بھرپور جیا۔ موت خوفناک ضرور ہے، لیکن شاید یہ کسی نئے سفر کا آغاز ہو۔"
ٹینر مارٹن کو پانچ سال قبل اسٹیج فور کولوریکٹل کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ انہوں نے اپنے علاج کے ہر مرحلے کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا، اور لاکھوں لوگوں کے لیے حوصلے اور ہمت کی علامت بن گئے۔
حال ہی میں، مئی 25 کو ان کی اہلیہ شائے نے بیٹی "ایملو" کی پیدائش کا اعلان کیا، جس نے اس خاندان کی زندگی میں خوشی کی نئی لہر دوڑائی۔ تاہم، علاج میں وقتی بہتری کے باوجود ٹینر کی حالت دوبارہ بگڑ گئی، اور وہ امید و یقین کے ساتھ اپنی آخری سانس تک زندگی گزارتے رہے۔
اپنے آخری پیغام میں، انہوں نے نہ صرف اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا بلکہ اپنی نومولود بیٹی ایملو کے لیے ایک فنڈ قائم کرنے کی اپیل بھی کی۔ ان کا کہنا تھا: "اگر آپ صرف ایک میک چکن کی قیمت کے برابر بھی تعاون کریں، تو یہ ایملو کے مستقبل کے لیے ایک تحفہ ہو گا۔"
ویڈیو میں وہ جہاں پرسکون اور مطمئن دکھائی دیے، وہیں ان کی آنکھوں میں اپنی بیٹی کے لیے جذبات بھی جھلکتے رہے۔ ان کی وفات کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے چاہنے والوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ایک صارف نے لکھا: "مجھے خوشی ہے کہ ٹینر نے اپنی بیٹی کے ساتھ زندگی کا پہلا دن گزارا۔" ایک اور پیغام میں کہا گیا: "ٹینر واقعی ایک مثال تھے، ان کی جدوجہد اور امید ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔"