یوٹیوب نے 2 نئے فیچرز متعارف کرا دیے

یوٹیوب نے 2 نئے فیچرز متعارف کرا دیے

ویب ڈیسک: یوٹیوب کی جانب سے صارفین کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس ( اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی 2 نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔

کمپنی کے مطابق اے آئی فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں وہ مختلف حوالوں سے صارفین کے لیے مددگار ثابت ہوں گے، ان میں سے ایک بنیادی طور پر اے آئی پر مبنی یوٹیوب سرچ ٹول ہے، اس نئے ٹول کے تحت صارفین کو ویڈیوز سجیشنز فراہم کی جائیں گی۔

ان سجیشنز کا تعین صارف کی سرچنگ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

فی الحال یہ فیچر یوٹیوب پریمیئم استعمال کرنے والے صارفین استعمال کرسکیں گے مگر آنے والے مہینوں میں اسے یوٹیوب کے مفت صارفین کے لیے بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

اسی طرح دوسرا اے آئی ٹول نیا تو نہیں بلکہ نومبر 2023 سے دستیاب ہے مگر اب اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے، پہلے یہ صرف یوٹیوب پریمیئم صارفین کو دستیاب تھا مگر اب یوٹیوب کے تمام صارفین Conversational اے آئی ٹول کو استعمال کرسکیں گے۔

اس ٹول کی جانب سے صارفین کے سوالات کے جواب دیے جاتے ہیں جبکہ پوچھنے پر مواد بھی سجیسٹ کیا جاتا ہے۔

اس کے لیے Ask about this video نامی پروموٹ ویڈیو اسکرین کے نیچے دیا جائے گا جس پر کلک کرکے آپ ویڈیو کے بارے میں سوالات پوچھ سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر آنے والے ہفتوں میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں   یوٹیوب کی جانب سے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم میں لائیو اسٹریم کرنے کے لیے کم از کم عمر کی حد کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، یوٹیوب ہیلپ سپورٹ پیج کے مطابق 22 جولائی سے یوٹیوب پر 16 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد ہی لائیو اسٹریم کرسکیں گے۔

اسی طرح یوٹیوب کی جانب سے اب تک 13 سال سے کم عمر بچوں کو کسی بالغ فرد کے ساتھ ہی لائیو اسٹریمنگ کی اجازت دی جاتی تھی، اب اس حد کو بھی 13 سے 15 سال تک کیا جا رہا ہے۔

کمپنی نے خبردار کیا کہ اگر کوئی صارف 16 سال کا نہ ہوا اور اس نے کسی بالغ فرد کے بغیر تنہا لائیو اسٹریمنگ کی تو اس پر مختلف پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

Watch Live Public News