وفاقی وزیر نے پیٹرول کی قیمت میں کمی نہ کرنے کی وجہ بتا دی

وفاقی وزیر نے پیٹرول کی قیمت میں کمی نہ کرنے کی وجہ بتا دی
کیپشن: وفاقی وزیر نے پیٹرول کی قیمت میں کمی نہ کرنے کی وجہ بتا دی

ویب ڈیسک:  وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرول کی قیمت میں فوری کمی نہ کرنے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتیں مستحکم ہونے کے بعد ہی اضافی ریلیف عوام تک منتقل کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود مقامی قیمتوں کا تعین ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی بنیاد پر ہفتہ وار کیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران برینٹ کروڈ کی قیمت میں 9.69 ڈالر، ڈبلیو ٹی آئی میں 8.53 ڈالر جبکہ عرب لائٹ میں 4.14 ڈالر فی بیرل کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

وزیر پیٹرولیم کے مطابق ریفائنریز خام تیل کو پراسیس کرتی ہیں اور صارفین تک ریفائنڈ پیٹرول اور ڈیزل پہنچتا ہے، اس لیے قیمتوں کا جائزہ عالمی ریفائنڈ آئل ریڈنگز کی بنیاد پر لیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 22 جون کو عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت 98.35 ڈالر فی بیرل تھی جو 26 جون کو کم ہو کر 91.68 ڈالر ہو گئی، جبکہ ڈیزل کی قیمت اسی مدت میں 109 ڈالر سے کم ہو کر 104.79 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نہ کسی مخصوص طبقے کو فائدہ دے رہی ہے اور نہ ہی عوام پر اضافی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ ہفتے کی ریڈنگز پہلے ہی پبلک کر دی گئی تھیں اور اسی بنیاد پر عوام کو جزوی ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت اب تک ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 200 روپے اور پیٹرول میں 155 روپے سے زائد کمی کی جا چکی ہے، جبکہ پیٹرولیم لیوی بھی کم سطح پر برقرار رکھی گئی ہے۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتیں مستحکم ہونے کے بعد مزید ریلیف بھی فوری طور پر عوام کو منتقل کیا جائے گا۔

Watch Live Public News