ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بھی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، میانوالی، خوشاب، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ اور حافظ آباد میں بارش کا امکان ہے۔
سندھ میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، نواب شاہ، دادو، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، سکھر اور گھوٹکی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ڈی آئی خان، بنوں، کوہاٹ، کرک، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، سوات، دیر، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بونیر، مہمند، خیبر اور وزیرستان میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، دیامر، استور، غانچے، شگر اور کھرمنگ میں بھی بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث سڑکوں پر پھسلن، حدِ نگاہ متاثر ہونے اور بجلی کی فراہمی میں تعطل کا خدشہ ہے۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، موسمی صورتحال سے باخبر رہنے اور کچے مکانات، کمزور عمارتوں، درختوں اور سائن بورڈز سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔