ویب ڈیسک: یورپ بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، جس کے باعث اسپین میں گزشتہ پانچ روز کے دوران 325 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ جرمنی میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے۔
شدید گرمی کے باعث فرانس، جرمنی اور اٹلی میں متعدد سیاحتی مقامات بند کر دیے گئے ہیں، بجلی کی طلب میں اضافے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جبکہ ریلوے سروس بھی جزوی طور پر متاثر ہوئی ہے۔
جرمنی کے شہر زاربرکن میں 41.3 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جبکہ برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ میں بھی جون کے مہینے کے لیے ریکارڈ درجہ حرارت سامنے آیا۔ انگلینڈ کے علاقے سینٹن ڈاؤنہم میں پارہ 37.3 ڈگری اور سوئٹزرلینڈ کے شہر بازل میں 38.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
ادھر اٹلی کے سب سے طویل دریا پو (Po) میں پانی کی سطح تیزی سے کم ہونے کے باعث شمالی علاقوں میں خشک سالی کا خطرہ بڑھ گیا ہے.
دوسری جانب شدید گرمی کے بعد برطانیہ کے مختلف حصوں میں گرج چمک اور طوفان کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 63 ہزار سے زائد بار آسمانی بجلی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث 700 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔