اداکارہ حنا خواجہ بیات کا مریم نواز کے بیان پر اظہار ناراضگی

اداکارہ حنا خواجہ بیات کا مریم نواز کے بیان پر اظہار ناراضگی
معروف پاکستانی اداکارہ حنا خواجہ بیات کی جانب سے مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں حنا خواجہ بیات نے کہا کہ میں نے کبھی کسی شخصیت کے لیے سخت الفاظ استعمال نہیں کیے اور نہ کبھی ایسا چاہا لیکن مریم نواز صاحبہ نے مجھے ایسا کہنا ہے کہنے پر مجبور کردیا ہے کہ آپ کے منہ میں خاک۔ حنا خواجہ نے کہا کہ اللّٰہ نہ کرے بقول آپ کے کہ پاکستانی طیارہ کبھی بھی اُس پُرانے پاکستان میں اُترے جیسا پاکستان آپ اور آپ کی اتحادی جماعتوں نے بنایا تھا۔
اداکارہ نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ! ہمارے ملک کو دشمنوں سے محفوظ رکھے، ہماری پاک فوج کی حفاظت کرے اور ان حکمرانوں کی بھی حفاظت کرے جو محب وطن ہیں، اللّٰہ ہمارا حامی و ناصر ہو۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستانی کی اپنے وطن کے لیے دل سے دُعا ہے۔ حنا خواجہ بیات کی ویڈیو کو بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شیئر کیا گیاجب کہ دیگر افراد نے بھی ان کی ویڈیو کو شیئر کیا۔ ان سے قبل 25 مارچ کو مریم نواز نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستانیوں کو تیار رہنے کے لیے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عوام سیٹ بیلٹ باندھ لیں، کیوں کہ پاکستان کا جہاز کسی وقت بھی پرانے پاکستان میں اتر سکتا ہے‘۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔