ن لیگ کا نوازشریف کیخلاف غیر منصفانہ فیصلے عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ

ن لیگ کا نوازشریف کیخلاف غیر منصفانہ فیصلے عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ
لاہور: مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں نوازشریف کیخلاف غیر منصفانہ،انتقامی فیصلے عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترجمانوں کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ نوازشریف کے خلاف غیر منصفانہ ،انتقامی فیصلے اور گواہیاں عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، عمران خان اور سہولت کاروں کے بارے میں تمام حقائق عوام کے سامنے لانے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ سہولت کاروں اور ان کے آلہ کار عمران خان کی کرپشن، بدعنوانیوں اور لوٹ مار کے حقائق لگی لپٹی رکھے بغیر سامنے لائیں،۔کسی رعایت کے بغیر سچ قوم کو بتایا جائے، کرداروں اور ان کے کرتوت سامنے لائے جائیں۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان پاکستان کا ماضی بن چکا ہے، اب پاکستان کے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہے۔ اجلاس میں پارٹی موقف اور اس کے بیان کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں پارٹی پالیسیوں کے حوالے سے حقائق عوام تک پہنچانے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں زوردیا گیا کہ گزشتہ چار سال میں کیسے ملک تباہ ہوا، عوام کو بتایا جائے۔ مریم نواز نے کہا کہ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس مندوخیل کا آج کا فیصلہ بینچ فکسنگ کے بارے میں ہمارے بیانیے کی جیت ہے، بینچ سازی منصفانہ نہیں تو فیصلہ کیسے منصفانہ متصور ہوگا؟، عمران خان اپنے کرپشن مقدمات سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، ٹیرین، فارن فنڈنگ، توشہ خانہ مقدمات میں ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ عدلیہ میں عمران خان کے سہولت کاروں کو پوری قوت سے بے نقاب کریں، نوازشریف کے مقدمے میں آئین اور قانون کی پامالی کو بے نقاب کیا جائے گا، اگر انصاف ہے تو نواز شریف کے ساتھ زیادتی کی جتنی شہادتیں آ رہی ہیں ابھی تک ترازو کے پلڑے برابر ہو جانے چاہئیں تھے۔ مریم نواز نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ گزشتہ چار سال میں معیشت تباہ، عوام غریب ہوئے، چار سال میں ایک کروڑ نوکری میں سے ایک نوکری اور 50 لاکھ گھروں میں سے ایک گھر عوام کو نہیں دیا ، 10 نمبریوں کا صرف ایک نکاتی ایجنڈا ہے کہ لوٹ مار کریں، 10 نکاتی ایجنڈا نہیں 10 جھوٹ بولے ہیں، یہ جھوٹ کا ایجنڈا ہے جسے نئے نام سے پھر دوہرایا جا رہا ہے،90 دن میں کرپشن ختم کرنے کے بجائے پاکستان میں کرپشن 14 درجے مزید بڑھ گئی تھی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔