ویب ڈیسک: اسلام آباد میں لیول پلیئنگ فیلڈ دینے کیلئے پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔
تفصیلا ت کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نےپی ٹی آئی کی درخواست کی سماعت کی،درخواستگزار ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
شیر افضل مروت نے کہاکہ پی ٹی آئی کا جھنڈا لہرایا جائے تو پولیس دھاوا بول دیتی ہے،ہم کارنر میٹنگ یا اجلاس بلاتے ہیں تو پولیس پہنچ جاتی ہے،آئین اور قانون کے تحت ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے۔
عدالت نے استفسار کیا ابھی اسلام آباد میں دفعہ 144نافذ ہے۔
وکیل نے کہاکہ ابھی دفعہ 144نہیں مگر جس دن پی ٹی آئی کا جلسہ ہوتا ہے اس دن ضرور لگتی ہے۔
جسٹس گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ پرامن احتجاج ہرسیاسی جماعت اور شہری کا آئینی حق ہے۔
وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ ہم سیاسی جماعت ہیں ، ہمیں دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح حقوق دیئے جائیں،ہم آئین و قانون کے ساتھ کھڑے ہیں مگر احتجاج بھی ہمارا آئینی و قانونی حق ہے۔
عدالت نے پی ٹی آئی لیول پلیئنگ فیلڈ دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔