صدر مملکت کا چین کے سفارتخانے کا دورہ،بشام میں چینی شہریوں کی ہلاک پر تعزیت کا اظہار

صدر مملکت کا چین کے سفارتخانے کا دورہ،بشام میں چینی شہریوں کی ہلاک پر تعزیت کا اظہار

(ویب ڈیسک )   صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستانی قوم چینی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے، دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام چینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

  صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا، چینی سفیر چیانگ زئے دونگ نے سفارت خانےآمد پر  صدر آصف علی زرداری کا استقبال کیا۔

صدر مملکت نے بشام میں دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ  پاکستانی قوم چینی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے، دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام چینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ،   دشمن یہ قبول نہیں کر سکتے کہ پاک-چین دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

صدر مملک نے کہا کہ   بہیمانہ فعل میں ملوث مجرموں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات لیے جائیں گے،غیر انسانی حملہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی  اور مشترکہ اقدار پر حملہ ہے، یہ واقعہ پاک چین دوستی کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان دہشت گردوں کو خطے میں امن، خوشحالی اور سلامتی کیلئے ہمارے مشترکہ اہداف کو کمزور کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔

چینی سفیر نے تعزیت کے لیے ذاتی طور پر سفارت خانے کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا، چینی سفیر نے انسداد ِدہشت گردی میں تعاون بڑھانے ، پاکستان میں چینی کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

چینی سفیر نے کہا کہ  دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں ، بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے پر پکڑنے کی ضرورت ہے۔ چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے ، سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کیلئے حمایت جاری رکھنے کے چینی عزم کا اعادہ کیا۔

چینی سفیر کا کہنا تھا کہ  زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے دہشت گرد حملے کی مذمت کی ،  چینی کارکنوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ۔