روسی صدر ولادیمیر پوٹن جلد مر جائیں گے ؛ زیلنسکی کا دعویٰ

 روسی صدر ولادیمیر پوٹن جلد مر جائیں گے ؛ زیلنسکی کا دعویٰ

ویب ڈیسک: روسی صدر کی صحت کے حوالے سے افواہیں زیرِ گردش ہیں، ایسے میں یوکرینی صدر زیلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ ولادیمیر پوٹن جلد مر جائیں گے۔

یوکرین کے صدر زیلنسکی نے ایک حالیہ انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن جلد مر جائیں گے اور ان کی موت کے بعد یوکرین جنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔

 یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پیوٹن کی صحت سے متعلق مختلف افواہیں زیر گردش ہیں۔

کیو انڈیپنڈنٹ کے مطابق زیلنسکی نے 26 مارچ کو پیرس میں یورپی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوٹن جلد مر جائیں گے، یہ ایک حقیقت ہے اور اس کے ساتھ سب کچھ ختم ہو جائے گا۔

  زیلنسکی نے امریکا اور یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ پوٹن پر دباؤ برقرار رکھیں اور روس کو عالمی تنہائی سے باہر نکلنے میں مدد نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی خطرناک لمحہ ہے، امریکا کو اس وقت روس کی مدد نہیں کرنی چاہیے تاکہ وہ عالمی سطح پر اپنی تنہائی ختم کر سکے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ پوٹن جب تک زندہ ہیں، وہ اقتدار میں رہنا چاہیں گے، لیکن ان کی جنگی خواہش صرف یوکرین تک محدود نہیں بلکہ مغربی دنیا کے ساتھ براہِ راست تصادم کا امکان بھی ہے۔

زیلنسکی نے کہا کہ پوٹن اپنی موت سے خوفزدہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ اقتدار سے چمٹے رہنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Watch Live Public News