یوٹیوبرز رجب بٹ اور ذوالقرنین سکندر میں تنازع شدت اختیار کر گیا

یوٹیوبرز رجب بٹ اور ذوالقرنین سکندر میں تنازع شدت اختیار کر گیا
کیپشن: یوٹیوبرز رجب بٹ اور ذوالقرنین سکندر میں تنازع شدت اختیار کر گیا

ویب ڈیسک: پاکستان کے معروف یوٹیوبرز رجب بٹ اور ذوالقرنین سکندر کے درمیان جاری لفظی جنگ نے شدت اختیار کر لی ہے، جہاں دونوں شخصیات ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہی ہیں۔

حالیہ دنوں میں نجی زندگی اور دیگر تنازعات کے باعث خبروں میں رہنے والے رجب بٹ اب اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ نئے تنازع میں الجھ گئے ہیں۔

اس معاملے کا آغاز اس وقت ہوا جب ذوالقرنین سکندر نے ایک تفصیلی ویڈیو جاری کرتے ہوئے رجب بٹ پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ رجب بٹ کی شادی کے لیے اسپانسرز کے انتظام میں انہوں نے اور کنول آفتاب نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

ذوالقرنین سکندر نے اپنے مؤقف کے حق میں آڈیو ریکارڈنگز بھی شیئر کیں اور رجب بٹ پر منافقت سمیت کنول آفتاب کے خلاف نامناسب زبان استعمال کرنے کا الزام لگایا، جنہیں وہ ماضی میں اپنی بہن قرار دیتے رہے ہیں۔

دوسری جانب رجب بٹ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے سخت ردعمل دیا اور کہا کہ انہیں توقع تھی کہ ذوالقرنین سکندر براہِ راست بات کریں گے، لیکن انہوں نے وی لاگ کے ذریعے معاملے کو بڑھایا۔

رجب بٹ کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے کنول آفتاب کو "آنٹی" کہا تو اس میں کوئی قباحت نہیں، کیونکہ وہ خود کو بھی "انکل" کہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کنول آفتاب کو ان کے خلاف سخت زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے تھی اور نہ ہی اس معاملے کو بڑھانا چاہیے تھا۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس تنازع میں پیچھے ہٹنے کا ارادہ نہیں رکھتے اور اپنے مؤقف کا بھرپور دفاع کریں گے۔

Watch Live Public News