ویب ڈیسک: وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے پنجاب کی " آسان کاروبار فنانس اسکیم" کو کامیاب ماڈل قرار دیتے ہوئے دیگر صوبوں کو بھی اسی طرز کی اسکیمیں شروع کرنے کی تجویز دے دی۔
کراچی میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب میں انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے مالیاتی اداروں اور سمیڈا کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی، تاکہ کاروباری افراد کو قرضوں تک آسان رسائی فراہم کی جا سکے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 100 ارب روپے کے قرضے تقسیم کیے گئے، جن سے ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے۔
انہوں نے کم ترقی یافتہ علاقوں، خصوصاً بلوچستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے لیے خصوصی فنانسنگ اسکیمیں متعارف کرانے کی بھی ہدایت کی، جبکہ سمیڈا کے تحت ایک ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا جو بینکوں کے ساتھ رابطہ اور تربیت کو فروغ دے گا۔
ہارون اختر خان کے مطابق اس ماڈل میں فلپائن اور بنگلادیش سمیت دیگر ممالک کی دلچسپی پاکستان کے لیے مثبت اشارہ ہے، جبکہ مؤثر مالیاتی نظام کے قیام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔