ویب ڈیسک: پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) نے گریجویٹ انجینئر ٹرینی پروگرام کے دوسرے بیچ کے لیے 1,700 انجینئرز کا انتخاب مکمل کر لیا ہے، 3,982 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق پروگرام کے لیے 5,300 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے شفاف ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے حتمی انتخاب کیا گیا۔ منتخب امیدواروں کو 6 ماہ کی پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی۔
بلوچستان کے لیے 300 نشستیں مختص کی گئی تھیں جومکمل طور پر پرُ کرلی گئی ہیں، جبکہ باقی 1,400 نشستیں دیگر صوبوں اور وفاقی علاقوں کے امیدواروں کو دی گئی ہیں۔
چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر کے مطابق تربیت کے دوران ہر گریجویٹ کو ماہانہ 50,000 روپے وظیفہ دیا جائے گا، جبکہ پروگرام کا مقصد نوجوان انجینئرز کو عملی اور صنعتی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے لیے سرکاری و نجی اداروں کے ساتھ شراکت داری قائم کی گئی ہے تاکہ ہنر مند افرادی قوت کو فروغ دے کر صنعتی ترقی کو تقویت دی جا سکے۔