ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات نے نجی شعبے کے ملازمین کے لیے خدمات کو مزید سہل بنانے کی جانب ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ایک نئی ڈیجیٹل سروس کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد غیر ملکی تعلیمی اسناد کی توثیق کو تیز، مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق، اس نئی سروس سے ان ملازمین کو فائدہ ہوگا جن کے پاس متحدہ عرب امارات سے باہر کی تعلیمی اسناد ہیں۔ مستقبل قریب میں یہ سروس مقامی تعلیمی اداروں کی ڈگریوں پر بھی لاگو کی جائے گی۔
وزارتِ انسانی وسائل و امارات کاری (MoHRE) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سہولت ویب سائٹ، اسمارٹ فون ایپلیکیشنز اور ملک بھر میں موجود کاروباری خدمات کے مراکز کے ذریعے دستیاب ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد ملازمت کے حصول کے عمل کو کاغذی کارروائی سے آزاد کر کے اسے جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
یاد رہے کہ یو اے ای میں ملازمت کے لیے تعلیمی اسناد کی تصدیق لازمی مرحلہ ہے، جس میں غیر ملکیوں کو پہلے اپنے ملک سے ڈگری کی توثیق کروانی پڑتی ہے، اور پھر اماراتی حکام سے تصدیق کی جاتی ہے۔ اس عمل میں عمومی طور پر 10 دن یا اس سے زائد وقت لگتا ہے، جبکہ پہلے سے تصدیق شدہ ڈگری کی صورت میں دو دن میں تکمیل ممکن ہے۔
نئی ڈیجیٹل سروس سے یہ عمل مزید تیز اور آسان ہو جائے گا، جس سے نہ صرف وقت اور وسائل کی بچت ہوگی بلکہ جعلی اسناد اور دھوکہ دہی جیسے مسائل پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔