ویب ڈیسک: آج بروز منگل 27 مئی 2025 کو دوپہر 12:18 بجے (مکہ مکرمہ کے وقت کے مطابق) سورج خانہ کعبہ کے بالکل اوپر ہوگا۔ فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک نایاب موقع ہے جب دنیا بھر کے مسلمان سورج کی سمت کو دیکھ کر قبلہ کی درست سمت کا تعین کر سکتے ہیں۔
پاکستانی وقت کے مطابق یہ فلکیاتی منظر 2 بجکر 18 منٹ پر دیکھا جا سکے گا۔ سعودی فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق، سال میں دو بار سورج کا زاویہ ایسا ہوتا ہے کہ وہ خانہ کعبہ کے عین اوپر آ جاتا ہے، اور یہ وہ لمحہ ہوتا ہے جب سورج کی سمت عین قبلہ کی سمت کی نمائندگی کرتی ہے۔
سعودی عرب کے فلکیاتی ماہر، عیسیٰ الغفیلی کے مطابق، اس قدرتی مظہر سے فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگ بغیر کسی جدید ٹیکنالوجی کے قبلہ کی درست سمت معلوم کر سکتے ہیں۔ بس اس وقت ایک چھڑی یا سیدھی چیز کو زمین پر عمودی رکھ کر اس کا سایہ دیکھا جائے، تو وہی سایہ قبلہ کی درست سمت کی نشاندہی کرے گا۔
واضح رہے کہ 2025 میں سورج کے کعبہ کے عین اوپر آنے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ ماہرین نے مسلمانوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے گھروں، دفاتر، مدارس، مساجد یا دیگر عبادت گاہوں میں قبلہ کی سمت کو دوبارہ جانچ لیں تاکہ عبادات میں مزید احتیاط ممکن ہو سکے۔