ویب ڈیسک: (علی زیدی)میکڈونلڈز نے اپنی ایلین تھیم پر مبنی اسپن آف چین CosMc’s کو صرف دو سال بعد بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق امریکہ میں واقع اس کے تمام پانچ CosMc’s آؤٹ لیٹس آئندہ ماہ جون کے اختتام تک بند کر دیے جائیں گے۔
یہ اسپن آف 2023 میں متعارف کروایا گیا تھا، جس کا مقصد نوجوان نسل، خاص طور پر جنریشن زی کے صارفین کو متاثر کرنا تھا۔ CosMc’s کا فوکس خصوصی کافی اور میٹھے مشروبات پر تھا، جیسا کہ Dutch Bros، Scooter’s اور Swig جیسی تیزی سے مقبول ہونے والی چینز کر رہی تھیں۔
مینیو میں ہلکے پھلکے سنیکس اور منفرد ذائقوں کے مشروبات شامل تھے۔ کمپنی کو توقع تھی کہ لوگ ان مشروبات کو اپنی پسند سے حسبِ منشا ترتیب دیں گے، لیکن حقیقت میں کم صارفین نے کسٹمائزیشن کا انتخاب کیا، جس کے باعث اسپین آف کا بنیادی تصور متاثر ہوا۔
مزید یہ کہ موجودہ معاشی حالات میں جب صارفین کی قوتِ خرید کم ہو رہی ہے، میکڈونلڈز کو لگاتار دوسری سہ ماہی میں فروخت میں کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ان حالات کے پیش نظر کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ اب اس کی ترجیح اپنے بنیادی مینیو کو بہتر بنانا ہوگی۔
کمپنی کے ایک بیان کے مطابق، CosMc’s کا تجربہ اس لیے کیا گیا تھا تاکہ "تیزی سے بڑھتے مشروب مارکیٹ میں کامیابی حاصل کی جا سکے" اور "نئے ذائقوں، ٹیکنالوجیز اور پروسیسز کو آزمایا جا سکے، بغیر روایتی میکڈونلڈز صارفین یا عملے کے تجربے کو متاثر کیے"۔
اگرچہ CosMc’s کے آؤٹ لیٹس بند ہو رہے ہیں، لیکن ان کے کچھ مشروبات مکمل طور پر غائب نہیں ہوں گے۔ کمپنی کے سی ای او، کرس کیمپکزنکی کے مطابق، اس سال کچھ فرنچائزز کے ساتھ CosMc’s سے متاثرہ نئے کسٹمائز مشروبات کا تجربہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ CosMc’s کے چار آؤٹ لیٹس ٹیکساس جبکہ ایک الینوائے میں واقع تھا۔ ان کے ساتھ ساتھ CosMc’s کی علیحدہ موبائل ایپ اور لائلٹی پروگرام بھی جون کے اختتام تک بند کر دیے جائیں گے۔