ویب ڈیسک: ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد تازہ کی جا رہی ہے۔
ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جہاں علمائے کرام نے اپنے خطبات میں سنتِ ابراہیمیؑ کی اہمیت اور قربانی کے فلسفے پر روشنی ڈالی۔
نمازِ عید کے اجتماعات میں اُمتِ مسلمہ کی سلامتی، ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، جبکہ سنتِ ابراہیمیؑ پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی دی جارہی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نواب شاہ میں زرداری ہاؤس میں نمازِ عید ادا کی۔ بعد ازاں انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی اور اپنے والدین کی قبروں پر حاضری بھی دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں نمازِ عید ادا کی، جبکہ نواز شریف نے جاتی امرا رائیونڈ میں عید کی نماز ادا کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
لاہور میں عیدالاضحیٰ منارہی ہیں۔
عید کے موقع پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
بلدیاتی اداروں نے آلائشوں اور دیگر فضلہ جات کو بروقت ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی صفائی پلان بھی مکمل کر لیا ہے۔