صدر زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی اہل وطن کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد

صدر زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی اہل وطن کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد
کیپشن: صدر زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی اہل وطن کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد

ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اہلِ وطن اور امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اتحاد، قربانی اور بھائی چارے کے فروغ پر زور دیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی، اطاعت، صبر اور وفا کی یاد تازہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی وحدت کو اولین ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ نفرت، تقسیم اور اختلافات کے بجائے محبت، برداشت اور مکالمے کے کلچر کو فروغ دینا چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں ایثار، ہمدردی اور احساسِ ذمہ داری کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشیوں کے اس موقع پر غریبوں، ناداروں اور مستحق افراد کو یاد رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ عید کی خوشیاں ہر گھر تک پہنچ سکیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اعلیٰ مقاصد کے لیے اپنی خواہشات، مفادات اور جان تک قربان کر دینا ایمان کی معراج ہے، جبکہ سنتِ ابراہیمیؑ انسانیت کو اللہ تعالیٰ کی رضا، اطاعت اور قربانی کا پیغام دیتی ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ کراچی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جہاں امتِ مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد شہری سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی میں مصروف ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں فلاحی اور سماجی سرگرمیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

Watch Live Public News