عید کے دنوں میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کر دی

عید کے دنوں میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کر دی
کیپشن: عید کے دنوں میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کر دی

ویب ڈیسک: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شام اور رات کے اوقات میں بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب ماہرینِ موسمیات نے جمعرات کے روز شدید گرمی سے متعلق انتباہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔

شدید گرمی سے متاثر ہونے والے شہروں میں سکھر، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موئن جو دڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، بدین، سجاول، ٹھٹھہ، حیدرآباد اور مٹیاری شامل ہیں۔

اسی طرح ٹنڈو محمد خان، عمرکوٹ، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، میرپورخاص، جامشورو، سانگھڑ، سبی، تربت، پنجگور، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کرک، لکی مروت، وزیرستان اور ڈیرہ غازی خان میں بھی شدید گرم موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے جنوبی اور وسطی اضلاع میں گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔ ملتان، خانیوال، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ساہیوال میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔

Watch Live Public News