وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خصوصی طلبہ کے لیے کھانا فراہمی پروگرام کا افتتاح کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خصوصی طلبہ کے لیے کھانا فراہمی پروگرام کا افتتاح کر دیا
کیپشن: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خصوصی طلبہ کے لیے کھانا فراہمی پروگرام کا افتتاح کر دیا

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں خصوصی طلبہ کے لیے کھانے کی فراہمی کے پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “خصوصی بچے ہمارے ہیروز ہیں، اللہ نے انہیں منفرد صلاحیتوں سے نوازا ہے”۔

مریم نواز نے کہا کہ سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے مختصر مدت میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 28 اضلاع میں خصوصی بچوں کے لیے سینٹر آف ایکسی لینس مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ صوبے بھر کے 303 اداروں کی تعمیرِ نو کا منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خصوصی بچوں کے والدین شکریہ ادا نہ کریں، یہ حکومت کا فرض ہے کہ ان بچوں کو بہترین سہولیات فراہم کرے۔ “ خصوصی بچوں کی وجہ سے گھروں میں رحمت اور برکت آتی ہے، والدین کی ہمت کو سلام پیش کرتی ہوں”۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ریاست اپنے شہریوں کی تعلیم، صحت، علاج، صفائی اور روزمرہ ضروریات تک ہر معاملے کی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں اسکول میل پروگرام شروع کیا جا چکا ہے۔

مریم نواز نے اعلان کیا کہ ہر خصوصی اسکول کے لیے سی سی ٹی وی مانیٹر بسیں فراہم کی جائیں گی، جن میں سے 60 بسیں پہلے ہی پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو بہترین سہولیات ملیں تو وہ والدین پر بوجھ نہیں بنتے۔

مزید برآں، انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب 70 سے 75 ہزار خصوصی افراد کو ہمت کارڈ جاری کر رہی ہے، اور خصوصی بچوں کو بھی یہ کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔

افتتاح کے موقع پر مریم نواز نے خصوصی بچوں کے ساتھ وقت گزارا، تصاویر بنوائیں اور پروگرام کا آغاز گھنٹی بجا کر کیا۔

Watch Live Public News