ویب ڈیسک: ایم ڈی کیٹ 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا، صرف 53فیصد امیدوار ایم بی بی ایس کے لیے کوالیفائی کر سکے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) نے ایم ڈی کیٹ 2025 کے نتائج جاری کر دیئے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امتحان میں صوبہ بھر سے 39,986 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی تھی جن میں سے 1,539 امیدوار امتحان میں شریک نہیں ہوئے۔
نتائج سے ظاہر ہوا کہ 58فیصد امیدواروں نے بی ڈی ایس کے لیے کوالیفائی کیا، جبکہ صرف 2فیصد امیدوار 170 سے زیادہ نمبر حاصل کر سکے۔
نتائج کے مطابق 9 فیصد امیدواروں نے 160 سے 170 کے درمیان اسکور کیا جبکہ 31 فیصد امیدوار 90 سے کم سکور کرنے کی وجہ سے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے اہل نہیں رہے۔
کے ایم یو انتظامیہ کے مطابق امتحان کے نتائج یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ گزشتہ روز ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ کا امتحان ہوا جس کے لیے 140,125 امیدواروں نے رجسٹریشن کروائی۔ یہ ٹیسٹ کے پی کے 7 اضلاع پشاور، مردان، سوات، دیر لوئر، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ایبٹ آباد میں لیا گیا۔