پاکستان میں میٹا اے آئی اردو میں متعارف 

پاکستان میں میٹا اے آئی اردو میں متعارف 

(ویب ڈیسک ) میٹا نے پاکستان میں اردو ورژن کے ساتھ میٹا اے آئی (Meta AI) متعارف کرا دیا ہے، تاکہ ملک کی ڈیجیٹل تبدیلی (Digital Transformation) کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔

 کمپنی نے یہ اعلان پیر کے روز  “فیوچر اِن فوکس: اے آئی اینڈ اِنویشن (Future in Focus: AI and Innovation)” کے عنوان سے منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا، جو وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن (MoITT) کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔ تقریب کے دوران کمپنی نے اے آئی ایجوکیشن اور سرکاری ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے لیے تجرباتی پروگرامز کا بھی اعلان کیا۔

میٹا کے مطابق “ان اقدامات کا مقصد ملک میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عمل کو تیز کرنا ہے۔ اب پاکستانی صارفین میٹا اے آئی کے ساتھ نہ صرف انگریزی بلکہ اردو میں بھی بات چیت کر سکیں گے۔”

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن  شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یہ پیشرفت وزیراعظم کے “ڈیجیٹل نیشن وژن” کے مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ  “ پاکستان ایک ایسے مستقبل کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں ٹیکنالوجی ہر شہری کو بااختیار بناتی ہے۔ میٹا کے ساتھ ہماری شراکت داری سرکاری و تعلیمی اداروں میں اے آئی تعلیم، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور جدت کو فروغ دے گی۔ میٹا اے آئی میں اردو کی شمولیت یقینی بناتی ہے کہ اس ڈیجیٹل سفر میں کوئی پیچھے نہ رہ جائے۔”

میٹا کے ڈائریکٹر برائے پبلک پالیسی برائے جنوبی و وسطی ایشیا  سارم عزیز نے کہا کہ کمپنی کا مقصد عوامی شعبے اور تعلیمی اداروں کو اے آئی اپنانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  “ہمیں خوشی ہے کہ میٹا اے آئی اب اردو میں دستیاب ہے، جو مقامی برادری کو اپنی زبان میں ٹیکنالوجی سے جڑنے کے نئے مواقع فراہم کرتا ہے۔”

میٹا نے اس موقع پر “Transforming Public Sector Innovation in Asia Pacific with Llama” کے نام سے ایک مقامی دستاویز بھی متعارف کرائی، جو ڈیلائٹ (Deloitte) کے اشتراک سے اور MoITT کی معاونت سے تیار کی گئی ہے۔
اس دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ میٹا کا اوپن سورس اے آئی ماڈل، لاما (Llama) کس طرح سرکاری اداروں کے کاموں کو بہتر بنا سکتا ہے، عوامی خدمات میں بہتری لا سکتا ہے اور ڈیٹا خودمختاری کو مضبوط کر سکتا ہے۔

کمپنی نے مزید اے آئی لٹریسی پروگرام (AI Literacy Programme) کا اعلان کیا، جو ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC)، نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (NCEAC)، MoITT اور آٹم کیمپ (atomcamp) کے اشتراک سے شروع کیا جا رہا ہے۔
اس پروگرام کے تحت ملک بھر کی غیر کمپیوٹر سائنس جامعات کے 350 اساتذہ کو اے آئی کی بنیادی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ طلبہ کو مستقبل کے ڈیجیٹل چیلنجز کے لیے تیار کر سکیں۔

میٹا نے “گورنمنٹ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایکسپیریئنس (GDTX) 2025” منصوبے کا بھی اعلان کیا، جس کا مقصد سرکاری اداروں کو میٹا کی ٹیکنالوجیز اور عالمی بہترین طریقوں تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
یہ پروگرام عوامی اور نجی شعبے کے ماہرین کو اکٹھا کرے گا تاکہ وہ مؤثر ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے لیے حکمتِ عملیاں شیئر کر سکیں۔

Watch Live Public News