(ویب ڈیسک )قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ بابر اعظم ورلڈ کلاس پلیئر ہیں، ان کے آنے سے ٹیم کو فائدہ ہوگا۔
جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے پہلے قومی کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جو غلطیاں کیں، اسے نہ دہرانے کی کوشش کریں گے، ٹیسٹ میچ جیتے، اگر غلطیاں ہوئیں تو ٹرائی سیریز جیتنے اور مثبت چیزیں کافی ہیں، کسی بھی گراؤنڈ میں کھیلتے ہوئے وہاں بننے والے سکور سے زیادہ ٹوٹل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ پچھلی دو تین سیریز میں میری پرفارمنس تسلی بخش نہیں لیکن ہمیشہ بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان نے کہا کہ پہلی بار پنک شرٹس بڑا آئیڈیا ہے، تمام کھلاڑی بہت پرجوش ہیں،ایشیا کپ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی یاد اس لیے نہیں آئی تھی کہ وہ سکواڈ کا حصہ نہیں تھے، اب بابر اعظم کا سکواڈ کا حصہ ہیں، ان پر میرے اور کوچ سمیت سب کا فوکس ہے، ٹیم جو بھی فائنل ہوتی ہے اس میں بحثیت میری رائے ضرور شامل ہوتی ہے، بابر اعظم ورلڈ کلاس پلیئر ہیں، ان کے آنے سے ٹیم کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان کو مڈل اوورز میں بیٹنگ کرنے کے لیے رکھا گیا ہے،ہیڈ کوچ زیادہ پیغام گراؤنڈ میں نہیں بھیجتے، میرے ہی فیصلے ہوتے ہیں، بیٹنگ کے ساتھ بولنگ کرنے کی کوشش کرتا ہوں، ٹیسٹ میں تو موقع نہ مل سکا، ٹی ٹوئنٹی میں کوشش کروں گا۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ مڈل اور ڈیتھ اوورز میں بیٹنگ ہماری خامی رہی، اس پر خاصی محنت کی ہے، سپن بولنگ کے خلاف بیٹنگ اور سٹرائیک روٹیشن پر کام کیا ہے،مڈل میں جارحانہ بیٹنگ عبدالصمد، محمد نواز اور حسن نواز کر سکتے ہیں، میں خود اپنی بیٹنگ پر زیادہ توجہ اور اہمیت دیتا ہوں، بولنگ کی ضرورت ہو تو کرتا ہوں۔