لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے نئے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ تین سال کے کنٹریکٹ کے لئے کامیابی کے ساتھ تمام معاملات طے پاگئے ہیں ، سنٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2023 سے تیس جون 2026 تک ہونگے۔ پچیس کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ پیش کیا گیا ہے، معاہدے میں آئی سی سی ریونیو کا حصہ بھی شامل ہے۔ ریڈ بال اور وائیٹ بال کے کنٹریکٹس کو اکٹھا کردیا گیا ہے، اس کا فیصلہ کنٹریکٹ کمیٹی کی تجویز پر کیا گیا ہے۔ سنٹرل کنٹریکٹ کی فہرست کو چار کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے،اے کیٹگری میں تین کھلاڑی شامل ہیں جبکہ معاوضے میں دوسودو فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق کیٹگری بی میں چھ کرکٹرز شامل ہیں، کیٹگری بی میں ایک سو چوالیس فیصد معاوضے میں اضافہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ کیٹگری سی میں دو کرکٹرز شامل ہیں، کیٹگری سی میں ایک سو پینتیس فیصد معاوضے میں اضافہ کیا گیا ہے۔ کیٹگری ڈی میں چودہ کرکٹرز شامل ہیں، معاوضے میں ایک سو ستائیس فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ کیٹگری اے میں بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی شامل ہیں، کیٹگری بی میں فخرزمان ،حارث روف ،امام الحق ،محمد نواز ،نسیم شاہ اور شاداب خان شامل ہیں۔ کیٹگری سی میں عماد وسیم اور عبداللہ شفیق شامل ہیں ۔ جبکہ کیٹگری ڈی میں فہیم اشرف ،حسن علی،افتخار احمد اور احسان اللہ، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر ،صائم ایوب اور سلمان علی آغا بھی شامل ہیں ۔اس کے علاوہ سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہنواز دھانی ،شان مسعود ،اسامہ میر اور زمان خان بھی کیٹگری ڈی کا حصہ ہیں ۔ پی سی بی کے مطابق ٹیسٹ میچ فیس میں پچاس فیصد، ون ڈے میں پچیس فیصد اور ٹی ٹونٹی میں ساڑھے بارہ فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو دو غیر ملکی لیگز کھیلنے کی اجازت ہوگی، سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر پچاس فیصد انٹرنیشنل میچ فیس ملے گی۔تین سالہ کنٹریکٹ کے دوران ہر 12 مہینے بعد کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا جائزہ لیا جائے گا۔