ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بارے میں نازیبا گفتگو کی ویڈیو وائرل کرنے والے تین ٹک ٹاکرز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے فیصل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے متعلق نازیبا گفتگو کی ویڈیو وائرل کرنے والے 3 ٹک ٹاکرز کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان نے کہا کہ سرگودھا کے علاقے چک 37 ایس بی کے رہائشی ٹک ٹاکرز احد عباس، بدر زمان اور قاسم علی نے ٹک ٹاک پر نازیبا گفتگو کی ویڈیو اپ لوڈ کی تھی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب پر بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے تھے۔
ملزمان گزشتہ روز جنرل بس سٹینڈ فیصل آباد پر موجود تھے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے سب انسپکٹر عامر سلطان نے مخبروں کی ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کر تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ سمیت تین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔