شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 71 خوارج مارے گئے

شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 71 خوارج مارے گئے
کیپشن: شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 71 خوارج مارے گئے

ویب ڈیسک: شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز نے 25 سے 28 اپریل 2025 کے دوران کامیاب کارروائیوں میں 71 خوارج ہلاک کردیئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 25 سے 27 اپریل کے دوران 54 خوارج ہلاک کئے۔

اس کے بعد 27 اور 28 اپریل کی درمیانی شب، حسن خیل اور اس کے گردونواح میں، پاکستان-افغانستان سرحد کے ساتھ ایک منظم صفائی آپریشن کیا گیا۔

اس آپریشن کے دوران مزید 17 خوارج، جو اپنے غیر ملکی آقاؤں کے اشارے پر سرگرم تھے، نشانہ بنا کر انجام کو پہنچا دیے گئے۔ ہلاک شدہ خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

تین دن جاری رہنے والے انسداد دہشت گردی آپریشن میں مارے جانے والے خوارج کی مجموعی تعداد 71 ہو چکی ہے۔

سیکورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ملک کی سرحدوں کے تحفظ، امن، استحکام اور پاکستان کی ترقی کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہر قیمت پر دشمن عناصر کا قلع قمع جاری رکھیں گے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری

صدر مملکت نے کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے 17 دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا، صدر مملکت نے دہشتگردوں کے خلاف گزشتہ روز کی بڑی کاروائی کے بعد مزید دہشتگردوں کو  جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کامیاب کاروائیاں کرنا خوش آئند ہے،دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا،صدر مملکت نے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کے نتیجے میں 17 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ گزشتہ 3 دنوں کے دوران شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی آپریشن میں 71 خارجیوں کی ہلاکت سے واضح ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر پر عزم اور چوکس ہیں، انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے،ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

Watch Live Public News