ویب ڈیسک: راولپنڈی کے علاقے بھاٹہ چوک میں مویشی منڈی کی نیلامی کا عمل کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا ہے۔ مویشی منڈی 16 کروڑ 57 لاکھ روپے میں نیلام کر دی گئی، جس میں معین خان نامی شہری نے کامیاب بولی لگا کر سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق مویشی منڈی میں داخلے کے لیے فیس بھی مقرر کی گئی ہے، جہاں بڑے جانور کے داخلے کی فیس3000 روپے اور چھوٹے جانور کے داخلے کی فیس 2000 روپے رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، 10 ویلر گاڑیوں کی انٹری فیس 400 روپے جبکہ 6 ویلر گاڑیوں کی انٹری فیس 300 روپے مقرر کی گئی ہے۔ مویشی منڈی میں فی مربع گز 150 روپے فیس رکھی گئی ہے۔
راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ کامیاب بولی کے بعد بقیہ رقم 7 دنوں کے اندر جمع کرانا ہوگی،جانوروں کی خرید و فروخت صرف مقررہ جگہ پر کی جا سکے گی، کسی دوسری جگہ پر اس کی اجازت نہیں ہوگی۔ نیلامی کے دوران اگر کسی نے غلط معلومات فراہم کی یا حقائق چھپائے، تو ان کی رقم ضبط کر لی جائے گی۔
کامیاب بولی دینے والے افراد راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے تمام قوانین پر عمل کرنے کے پابند ہوں گے۔